نئی دہلی، 28/دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پنجاب کانگریس کے سربراہ کیپٹن امریندر سنگھ نے آج بادل اور کیجریوال پر آئندہ اسمبلی انتخابات کو لے کرخفیہ معاہدہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ لامبی اسمبلی سیٹ پر پرکاش سنگھ بادل کی جیت کو یقینی بنانے کی حکمت عملی کے تحت آپ نے جرنیل سنگھ کو اتارا ہے۔امریندر نے دعوی کیاکہ یہ شرومنی اکالی دل اور عام آدمی پارٹی کی ملی بھگت کا معاملہ ہے۔جرنیل سنگھ کا کوئی وجود ہی نہیں ہے، ان کی پنجاب میں کوئی بنیادہی نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ دیکھا جا رہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں سینئر بادل کو یقینی شکست سے بچانے کے لیے بادل اور کجریوال میں کچھ معاہدہ ہوا ہے۔پنجاب کانگریس کمیٹی کے صدر نے کہا کہ شرومنی اکالی دل اور آپ دونوں آئندہ اسمبلی انتخابات میں اپنی ہونے والی شکست کو دیکھتے ہوئے پریشان ہیں اور کانگریس کو اقتدار میں آنے سے روکنے کے لیے ایک دوسرے کی مدد کے واسطے دونوں میں کسی قسم کا سمجھوتہ ہوا ہے۔اقتدار میں آنے کے چار ہفتوں کے اندر پنجاب سے منشیات کے خاتمے کے عزم اظہار کرتے ہوئے سنگھ نے آج ڈرگس مافیا کو تباہ کرنے کے لیے خصوصی قانون لانے کا وعدہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ایسے معاملات میں مجرم پائے جانے والے لوگوں کو جیل بھیجا جائے گا اور ان کی جائیداد ضبط کر لی جائے گی۔